اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ بھارت پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کے خلاف جھوٹے الزامات کی مہم چلا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کے خلاف جھوٹے الزامات کی مہم چلائی جا رہی ہے جبکہ پاکستانی ہائی کمیشن عالمی قوانین کے تحت ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی جانب سفارتی ذمہ داریوں سے روکنا، عملے کی گرفتاری وتشدد قابل مذمت ہے،اس مہم کا مقصد اپنے جرائم کو چھپانا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ بھارت اقلیتوں پر بدنامی اور کشمیریوں پر مظالم سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے،عالمی برادری عالمی قانون کے منافی رویے پر بھارت کا محاسبہ کرے،بھارت خطے میں تمام ہمسایوں کے خلاف جارحیت کا مجرم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی سوچ امن پسند چین کو بھی سرحد پر فوج لانے پر مجبور کرچکی ہے،نیپال کے حوالے سے بھی اسی نوعیت کی خبریں آرہی ہیں۔
بھارت کے پاکستانی ہائی کمیشن کے 2 افسران پر بے بنیاد الزامات
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے 2 افسران پر الزامات عائد کرتے ہوئے ناپسندیدہ قرار دیا تھا، دونوں پاکستانی افسران کو 24 گھنٹے میں بھارت چھوڑنےکا حکم دیا گیا تھا۔
بھارتی الزام پر پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے واضح کیا تھا کہ جن 2 افراد کو ناپسندیدہ قرار دیا گیا وہ سفارت کار نہیں ہیں۔حکام کا کہنا تھا کہ صورتحال کا مزید جائزہ لے رہے ہیں تاہم بھارت نے بے بنیاد الزامات لگائے ہیں جن کی کوئی حقیقیت نہیں۔