پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

آئی پی ایل کے شیر آسٹریلیا میں ڈھیر، بھارت کوعبرتناک شکست

اشتہار

حیرت انگیز

سڈنی : آسٹریلیا کی ٹیم نے پہلے ون ڈے میں بھارت کو 66رنز سے عبرتناک شکست دے دی، انڈیا ٹیم ہدف کے تعاقب میں 308رنز بناسکی۔

سڈنی میں آسٹریلین بالرز نے بھارتی بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا، بھارتی سورما باوجود کوشش کے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی ڈھیر ہوگئے۔

آسٹریلیا ٹیم نے بھارت کو جیت کیلئے375 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا جس کی چوٹی کو عبور کرنا بھارتی کھلاڑیوں کیلئے عذاب بن گیا اور بھارتی کھلاڑی مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 308رنز بناسکے۔

آسٹریلیا کے بلے باز اسٹیو اسمتھ کو صرف66 گیندوں پر4 چھکوں اور11 چوکوں کی مدد سے105 رنز بنانے پر مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے سب سے زیادہ 90رنز اسکور کیے جبکہ شیکھر دھون 74رنز بناکر نمایاں رہے، دیگر کھلاڑی آسٹریلین بالرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکے۔

اس کے علاوہ  بھارتی کپتان ویرات کوہلی 21 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے ،ماینک اگروال 22رنز اور اجے جڈیجہ نے25رنز اسکور کیے جبکہ نودیپ سیانی 29رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جسپریت بومرا کوئی رن نہ بنا سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے بہترین بالنگ کرتے ہوئے دس اوورز میں 54رنز دے کر چار وکٹیں اور جوش ہیزلووڈ نے 55رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم دورہ آسٹریلیا کے دوران3 ون ڈے، 3ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان3 ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ سڈنی میں آج کھیلا گیا ، دوسرا ون ڈے میچ 29نومبر کو سڈنی میں ہی کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 2دسمبر کو آسٹریلوی دارلحکومت کینبرا میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 4دسمبر کو کینبرا میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 6دسمبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 8دسمبر کوسڈنی میں ہی کھیلا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں