اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام ملک کو غیرمستحکم کرنے کے لیے مذموم بھارتی سازش کا شکار نہ بنیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان مولانا عادل خان کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت پاکستان میں علما کو قتل کرواکر شیعہ سنی فسادات کرانا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جانتی ہے اور میں ٹی وی پر بار بار بیان کرچکا ہوں، پچھلے چند مہینوں میں اس طرح کی بہت ساری کوششوں کو روکا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اس قتل کے مجرموں کو جلد گرفتار کرلیں گے۔
عمران خان نے لکھا کہ تمام مسالک کے علما یقینی بنائیں کہ لوگ مذموم سازش کا شکار نہ ہوں، لوگ ملک کو غیرمستحکم کرنے کے لیے مذموم بھارتی سازش کا شکار نہ بنیں۔
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں واقع شمع شاپنگ سینٹر کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ڈبل کیبن گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل اور ڈرائیور مقصود احمد زخمی ہوئے۔
مولانا عادل کو نجی اسپتال جبکہ ڈرائیور کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹر سیمی جمالی نے ڈرائیور جبکہ نجی اسپتال کے ترجمان نے مولانا عادل کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔