راجوری: مقبوضہ کشمیر میں ایک ماں نے اسپتال سے گھر جاتے ہوئے اپنے نوزائیدہ بچے کی لاش ندی میں پھینک دی۔
تفصیلات کے مطابق جموں کے سرحدی ضلع راجوری کے ایک علاقے میں ایک خاتون نے بچہ پیدا ہونے کے بعد اسپتال سے گھر جاتے ہوئے اس کی لاش راجوری ندی میں بہا دی۔
راجوری پولیس کے مطابق 9 نومبر 2023 کو راجوری کے نابھن محلہ کے قریب ایک نالے میں ایک نوزائیدہ بچے کی لاش دیکھی گئی تھی، جموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ نوزائدہ بچے کو ندی میں پھینکنے پر ماں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
نوزائیدہ بچے کی لاش ملنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ پنجگریاں کے گاؤں نائیکا کی رہائشی خاتون پرویز اختر زوجہ نعیم احمد نے بچے کو جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ اسپتال راجوری میں جنم دیا تھا، گھر واپس آتے ہوئے کنبے نے بچے کو ندی کے پانی میں پھینک دیا۔
راجوری پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، واضح رہے کہ وادی کشمیر سمیت صوبہ جموں میں بھی رواں برس متعدد ایسے کیسز سامنے آئے جن میں نوزائدہ بچوں کو یا تو اسپتال میں ہی چھوڑ کر والدہ فرار ہو گئی یا سڑکوں کے کنارے حتیٰ کہ ندی نالوں میں بھی نوزائدہ بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔