کراچی : بھارت نے اپنے جنگی جنون کے تناظر میں بھارتی فضاؤں کو پاکستان آنے والی پروازیں کیلئے بند کررکھا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی اور بین الاقوامی ایئر لائنز کی پروازیں تعطل کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے اپنی فضا سے گزر کر پاکستان آنے والی پروازوں کے لئے فضائی حدود بند کررکھی ہیں، جس کے باعث ملائیشیا اور بنکاک میں موجود محصور پاکستانیوں کو دیار غیر میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
غیرملکی ایئرلائنز میں نشستوں کی کمی کی وجہ سے بھی محصور پاکستانیوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے، بھارتی فضائی حدود کی بندش سے پی آئی اے کی پروازوں کا آپریشن بھی شدید متاثر ہورہا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی مسافروں کی واپسی کے لئے کوششیں جاری ہیں، کوالا لمپور کی دو،بنکاک کی ہفتہ وارچار پروازیں آپریٹ نہ ہوسکیں۔
قومی ایوی ایشن پالیسی2019کے مسودہ کی منظوری
علاوہ ازیں سول ایوی ایشن ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی شاہ رخ نصرت نے کی، اس موقع پر ایئرلائنز اور جنرل ایوی ایشن آپریٹرز کے سربراہوں اور نمائندے بھی موجود تھے۔
اجلاس میں قومی ایوی ایشن پالیسی2019کے مسودہ کی منظوری دی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئی ایوی ایشن پالیسی کا مسودہ حتمی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا۔