راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایل او سی پر بلا اشتعال پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 60 سالہ شہری غیاث شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کرکے شہریوں کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں کوٹلی کا 60 سالہ شہری غیاث شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ علاقے میں گھاس کاٹنے والی تین خواتین فائرنگ سے شدید خوف کا شکار ہوگئیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارت گزشتہ کچھ عرصے سے سیز فائر کی صریحا خلاف ورزی کررہا ہے، بھارتی مہم جوئی کا جواب اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں پر امن کا خواہاں ہے، شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ دو ماہ قبل بھارتی فوج نے ستوال سیکٹر میں کشمیری چرواہوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور ایک شدید زخمی ہوگیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا تھا کہ بھارتی فوج نے 11 بج کر 55 منٹ پر ایل او سی کے ستوال سیکٹر پر اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں 22 سال کا شہری عبید قیوم اور 55 سال کا محمد قاسم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت منصوبے کے تحت من گھڑت بیانیے کی تسکین کے لیے معصوم جانوں کے درپے ہے۔