جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

بھارتی کرکٹر کی دوران میچ دل کا دورہ پڑنے سے اچانک موت

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی کرکٹر اچانک میدان میں دوران بیٹنگ دل کا دورہ پڑنے کے باعث گر پڑے جہاں سے انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

ایک بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ سعودی عرب میں پیش آیا جہاں بھارت سے تعلق رکھنے والے 52 سالہ عاطف خان الخبر کے علاقے رکھہ کے گراؤنڈ میں علاقائی کرکٹ میچ کے دوران بیٹنگ کر رہے تھے کہ اس دوران اچانک ان کے سینے میں شدید درد اٹھا اور وہ پچ پر ہی گر پڑے۔

کھلاڑی کو فوری طور پر میدان میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

محمد عاطف خان کا تعلق حیدرآباد دکن کے علاقے مراد نگر سے تھا اور انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور تین بچے چھوڑے ہیں جو بھارت میں ہی مقیم ہیں۔

متوفی کے ساتھی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ میچ سے قبل اور دوران بھی عاطف خان بالکل ٹھیک ٹھاک تھے اور انہوں نے کسی تکلیف یا صحت سے متعلق پریشانی کا اظہار نہیں کیا لیکن بیٹنگ کے دوران انہیں اچانک سینے میں تکلیف محسوس ہوئی اور وہ وہیں پچ پر گر گئے تھے۔

اس حوالے سے مقامی میڈیا نے ماہر ڈاکٹر ابھیجیت ورجیس کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ اگر عاطف کو بروقت سی پی آر دیا جاتا تو شاید صورتحال مختلف ہو سکتی تھی۔

سی پی آر کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے ڈاکٹر ورجیس نے مزید کہا کہ جب کسی شخص کا دل دھڑکنا بند کر دیتا ہے، تو ہر ہر سیکنڈ اہم ہوتا ہے۔ سی پی آر سینے کے دباؤ اور بچاؤ کی سانسیں فراہم کرتا ہے جو پیشہ ورانہ طبی مدد کے آنے تک دماغ اور دیگر اہم اعضا میں خون کے بہاؤ اور آکسیجن کو برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں