پیر, جون 17, 2024
اشتہار

بھارت میں‌ ووٹ ڈالنے جانے والے بوڑھے کو ہاتھی نے کچل ڈالا

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت میں لوک سبھا کے الیکشن کا چھٹا اور آخری مرحلہ جاری ہے جس میں ووٹ ڈالنے کے لیے جانے والے بوڑھے ووٹر کو ہاتھی نے کچل ڈالا۔

بھارت میں لوکھ سبھا کے الیکشن کا چھٹا اور آخری مرحلہ جاری ہے جس کے لیے ملک بھر میں سیاسی جماعتوں نے اپنی مہم شروع کر رکھی ہے اور ووٹرز کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کے لیے گھروں سے نکل کر ووٹ دینے کی اپیل کی جا رہی ہے۔

تاہم ایک 71 سالہ بزرگ جب اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے گھر سے نکلے تو ووٹ ڈالنے سے قبل بدمست جنگلی ہاتھی نے انہیں اپنے پیروں تلے روند کر مار ڈالا۔

- Advertisement -

یہ افسوسناک واقعہ ریاست جھارکھنڈ میں جمشید پور شہر کے نزدیک ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں گاؤں کے سربراہ 71 سالہ بزرگ سریندر ناتھ کو ووٹ ڈالنے کے لیے جاتے ہوئے راستے میں ایک بدمست جنگلی ہاتھی نے روند ڈالا۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمشید پور شہر سے تقریباً 90 کلومیٹر دور اس وقت پیش آیا جب سریندر پولنگ اسٹیشن جانے کے لیے جنگل سے گزر رہا تھا کہ راستے میں ہاتھی نے اُس پر حملہ کر دیا۔

آنجہانی کے بیٹے دیپیندر نے بتایا کہ اس کے بوڑھے باپ نے جان بچانے کے لیے موقع سے بھاگنے کی کوشش کی لیکن ہاتھی نے انہیں اس وقت روند ڈالا جب پولنگ اسٹیشن صرف 100 میٹر دور رہ گیا تھا۔ وہاں موجود لوگوں نے یہ دردناک منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا اور محکمہ جنگلات کو اطلاع دی۔

اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کے حکام اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور لاش کو ہاتھی کی مزید دستبرد سے بچا کر اپنی تحویل میں لیا اور اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی۔

محکمہ جنگلات نے آنجہانی بزرگ کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے لواحقین کو 25 ہزار بھارتی روپے نقد امداد بھی دی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چند روز قبل ریاست کیرالہ میں ایک صحافی مکیش کو جنگلی ہاتھی نے پیروں تلے کچل کر اس وقت مار ڈالا تھا جب وہ ہاتھیوں کی ویڈیو بناتے ہوئے دریا پار کر رہا تھا کہ ایک ہاتھی نے اس پر حملہ کر دیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں