سری نگر : مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی ریاستی دہشتگردی جاری ہے، بھارتی فورسزنے سرچ آپریشن کے دوران مزید تین کشمیریوں کو شہید کردیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسزنے گھرگھر تلاشی کے دوران پہلگام کے علاقے میں ایک گھر کو دھماکا خیزمواد سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں تین کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
شہید ہونے والے تینوں افراد کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں جبکہ بھارتی فوج نے واقعے کے خلاف مظاہرہ کرنے والے لوگوں پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا اور ان پر آنسو گیس کے گولے پھینکے۔
بھارتی کٹھ پتلی انتظامیہ نے جگہ جگہ پر ناکہ بندی لگائی ہے جس کی وجہ سے وادی میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔
دوسری جانب بھارتی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید پڑھیں: سال 2016 : بھارتی فوج نے 303 کشمیریوں کو شہید کیا
واضح رہے کہ سال 2016 میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم رکھا، بھارتی فوج نے سال بھر میں 303کشمیریوں کو شہید کیا۔