نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس نے خوفناک تباہی مچار کھی ہے، ریاست گجرات کے ایک اسپتال میں دل دہلا دینے والے حالات سامنے آئے ہیں اور ملک کے تقریباً تمام اسپتالوں کا کم و بیش یہی حال ہے۔
بھارتی ریاست گجرات کے ایک اسپتال میں مردہ خانے کی حالت ابتر ہے، یہاں آخری رسومات کے لیے لاش کو اہل خانہ کے سپرد کرنے سے قبل لواحقین کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔
اگر مریض کی رپورٹ کووڈ 19 پازیٹو ہو تو اسپتال انتظامیہ رشتہ داروں کو صرف دور سے ان کے آخری دیدار کی اجازت دیتی ہے، کووڈ 19 کے مریضوں کی لاش آخری رسومات کے لیے گھر والوں کے حوالے بھی نہیں کی جارہی۔
اسپتال کے ایک کمرے میں لاشوں کو پلاسٹک میں لپیٹ کر رکھا گیا ہے، لاشوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے میں 3 سے 4 دن کا وقت لگتا ہے تب تک لاشیں وہاں یونہی پڑی رہتی ہیں۔
اسپتال نے کچھ لاشوں کو لواحقین کو سونپ دیا ہے جبکہ کئی لاشیں آخری رسومات کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔
کرونا وائرس انفیکشن میں تیز رفتار اضافے کی وجہ سے مذکورہ اسپتال کے سبھی وارڈ کرونا مریضوں کے لیے مختص کردیے گئے ہیں، کئی کووڈ کے مریضوں کو بیڈ خالی ہونے کا انتظار بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ کچھ مریض اسی انتطار کے دوران دم توڑ گئے۔
مرنے والوں کے اہل خانہ کو لاش اس وقت تک نہیں دی جارہی جب تک یہ معلوم نہ ہوجائے کہ مرنے والا کرونا سے متاثرہ نہیں تھا۔ اس دوران اسپتال انتظامیہ اور لواحقین کے درمیان کئی لڑائی جھگڑے بھی ہوئے۔