احمد آباد: بھارتی شہری نے نئی نویلی دلہن کی آواز مردوں کی طرح ہونے اور چہرے پر داڑھی کی وجہ سے اُسے طلاق دے دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کےشہری نے شادی کے ایک ہفتے بعد ہی دلہن کو طلاق دے دی، مذکورہ شخص نے علیحدگی کی وجہ بیوی کے چہرے پر داڑھی اور مرد نما آواز بتایا۔
شہری کا کہنا ہے کہ اُس نے اپنی اہلیہ کو شادی سے قبل نہیں دیکھا اور نہ ہی کوئی بات چیت ہوئی مگر دونوں خاندانوں نے رشتہ پکا ہونے کے بعد ہماری رضا مندی کے لیے ایک ملاقات طے کرائی۔
مزید پڑھیں: گنجا دلہا نامنظور، دلہن کا عین وقت پر انکار
بھارتی شہری کا کہنا ہے کہ پہلی ملاقات کے وقت لڑکی نے اپنے چہرے کو دوپٹے سے ڈھانپہ ہوا تھا اس لیے اُسے غور سے نہیں دیکھا، البتہ اُس نے میک اپ کیا ہوا تھا۔
مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ شادی کے فوری بعد میں دفتر کے کام سے بیرونِ شہر گیا اور جب واپس آیا تو دیکھا کہ بیوی کے چہرے پر داڑھی کے بال ہیں اور اُس کی آواز بھی مردوں جیسی ہے۔
ایک ہفتے میں طلاق دینے پر لڑکے کے سسرالی عدالت گئے جہاں سماعت کے دوران خاتون نے تسلیم کیا کہ ’ہارمونز‘ کی وجہ سے میری آواز مردوں میں ملتی ہے اور اسی وجہ سے چہرے پر بھی بال نکلے‘ْ
خاتون نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اہل خانہ نے متعدد بار علاج کرانے کی کوشش کی مگر کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوا اس لیے پھر گھر والوں نے رشتہ کراتے وقت معاملے کو چھپانے میں ہی عافیت سمجھی۔
یہ بھی پڑھیں: شادی کے نام پر لڑکوں کو لوٹنے والی دلہن گرفتار
متاثرہ لڑکی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اس مسئلے کی وجہ سے اُن کے شوہر نے ذہنی اور جسمانی طور پر ہراساں کیا اور غلط بات پر طلاق دے کر گھر سے باہر نکالا۔
لڑکے کے سسرالیوں نے مؤقف اختیار کیاکہ عدالت لڑکے سے شادی پر آنے والے اخراجات دلوائے یا پھر اُسے فیصلہ واپس لینے کے حوالے سے احکامات دے۔ جج نے طلاق کی درخواست خارج کرتے ہوئے دلہن کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے ریمارکس میں لکھا کہ علیحدگی کے لیے صرف یہ وجہ کافی نہیں ہے۔