سمندری طوفان بائپر جوائے تیزی سے آگے کی جانب بڑھ رہا ہے جب کہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کراچی اور انڈین گجرات کے ضلع کچھ کے درمیان ٹکرائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان بائپر جوائے کا جمعرات کو کچھ اور کراچی کے درمیان کسی مقام پر ٹکرانے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سمندری طوفان کے باعث ریاست گجرات میں 13 سے 15 جون تک تیز بارشوں کا امکان ہے، ریاستی اضلاع میں پہلے ہی طوفان کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور مختلف اضلاع سے سات ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان بائپر جوائے سے متعلق نئی اپ ڈیٹ جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹے کے دوران سمندری طوفان کا رخ شمال اور شمال مغرب کی جانب ہوا ہے اور اب یہ کراچی کے جنوب سے 470 کلومیٹر جب کہ ٹھٹھہ کے جنوب سے 460 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔
سمندری طوفان اپنا رخ مسلسل تبدیل کر رہا ہے اور کل صبح تک طوفان مزید شمال اور شمال مشرق کی جانب رخ کر سکتا ہے۔