بھارت کے ایک وزیر نے خواتین کو اپنی حفاظت کے لیے انوکھا مشورہ دے دیا اور کہا کہ وہ اپنے پرس میں لپ اسٹک کے ساتھ خنجر اور مرچ پاؤڈر بھی رکھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مشورہ شیوسینا کے رہنما اور ریاست مہاراشٹر کے وزیر گلاب راؤ پٹیل نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کی حفاظت کے لیے یہ مشورہ دیا۔
ریاستی وزیر نے اپنے خطاب میں گزشتہ ماہ ایک بس میں لڑکی سے ریپ واقعے سمیت ایسے کئی گھناؤنے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بال ٹھاکرے نے بھی ماضی میں خواتین کو اپنے ساتھ خنجر اور مرچ پاؤڈر رکھنے کا مشورہ دیا تھا اور صحافیوں نے ہمیں اس وقت کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات آج بھی ویسے ہی ہیں۔ اس لیے میری نوجوان خواتین سے درخواست ہے کہ وہ اپنے بیگ میں میک کے سامان کے ساتھ خنجر اور مرچ پاؤڈر ضرور ساتھ رکھا کریں۔
واضح رہے کہ بھارت میں صرف ملکی خواتین ہی نہیں بلکہ غیر ملکی خواتین بھی محفوظ نہیں اور وہاں آئے روز سیاح خواتین سے زیادتی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔