کراچی : جناح اسپتال میں بےہوشی کی حالت میں لائے جانے والے معمر شخص کی جیب سے 2 بھارتی پاسپورٹ برآمد ہوئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس سمیت دیگر اداروں کے اہلکار معاملے کی تحقیقات کے لیے اسپتال پہنچ گئے۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے دونوں بھارتی پاسپورٹ کسی خاتون کے نام پر ہیں اور ان کی میعاد 2028 تک ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون کے پاسپورٹ میں پتہ حیدرآباد اے پی کا درج ہے، برآمد کیا گیا بھارتی پاسپورٹ جدہ سے جاری کیا گیا۔
معمر شخص صدر پارکنگ پلازہ کے قریب بے ہوشی کی حالت میں ملا تھا، اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے معمر شخص کو اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال بہچائے جانے کے 4گھنٹے کے بعد بھی نامعلوم شخص ہوش میں نہیں آسکا، معمر شخص کی جیب سے پاسپورٹ اور دیگر دستاویز ملی ہیں۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ بے ہوش شخص کی جیب سے چند ادویات بھی ملی ہیں، معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔