تازہ ترین

بھارتی فوجی کی اسٹور میں لڑکی سے دست درازی کی ویڈیو سامنے آگئی

منی پور : بھارت کی ریاست منی پور میں لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارتی فوجی کو معطل کردیا گیا۔

بھارت میں خواتین سے ذلت آمیز سلوک اور ان کی عزت پر حملوں کے واقعات میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، منی پور میں ایسا ہی ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

ڈیوٹی پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کا فرض لوگوں کی حفاظت کرنا ہوتا ہے لیکن کچھ اہلکار اپنی وردی کا ناجائز فائدہ اٹھا کر اپنی ہوس کو مٹانے اور دیگر جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں۔

کچھ ایسا ہی واقعہ ریاست منی پور کے امپھال ضلع میں ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں پیش آیا جس میں ایک بھارتی فوجی تنہائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خریداری کیلئے آنے والی ایک لڑکی کو اکیلا پا کر اس سے دست درازی کرتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس افسوسناک واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد شہریوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔

سی سی ٹی وی ویڈیوز میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے سپاہی ستیش پرساد کو وردی میں ملبوس اور اپنی رائفل اٹھائے خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

متاثرہ لڑکی نے بی ایس ایف افسر کے خلاف شکایت درج کرائی، جسے اسی دن گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ہراساں کرنے والے بھارتی فوجی کے خلاف تادیبی کارروائی کی جارہی ہے۔

شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے ذمہ داران کو اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنا چاہیے اور عوامی اعتماد کو بحال کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے مذکورہ بھارتی فوجی کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ قوم کی بہن بیٹیوں کی عزت ان جیسے جنسی بھیڑیوں سے محفوظ رہ سکے۔

Comments

- Advertisement -