اسلام آباد : بھارت کی جانب سے افغانستان بھیجی جانے والی غیر معیاری اور ناقابل استعمال چینی کے کنٹینرز پاکستان کسٹمز نے قبضے میں لے لیے, لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد ناقص چینی کا انکشاف ہوا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ کسٹمز نے ناقابل استعمال بھارتی چینی کے کنٹینرز قبضے میں لے لیے، اس حوالے سے ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹمز ڈائریکٹوریٹ جنرل آف افغان ٹرانزٹ نے کنٹینرز قبضے میں لیے۔
مذکورہ چینی کنٹینرز کے ذریعے افغانستان لے جائی جارہی تھی، لیبارٹری ٹیسٹ میں انکشاف ہوا کہ چینی بدبودار اور زائدالمعیاد ہے، ایف بی آر کا مزید کہنا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ بھارت سے آنے والی یہ چینی انسانوں کے لئے ناقابل استعمال ہے۔
اب تک172کنٹینرز میں4472میٹرک ٹن چینی ٹیسٹ کی جاچکی ہے جس کے نتائج مثبت نہیں ہیں جبکہ 86کنٹینرز میں رکھی ہوئی چینی کا ابھی ٹیسٹ ہونا باقی ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق بھارتی چینی کے استعمال سے افغان باشندوں کی صحت پر برے اثرات پڑتے، پاکستان کسٹمز نے آپریشنل ونگ کو مزید فعال اور منظم کردیا ہے، اس اقدام سے تجارت میں کمی آئے بغیر غیرقانونی سرگرمیوں کی نشاندہی آسان ہوگی۔