اشتہار

عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کیلیے بھارتی ٹیم کا اعلان، اہم کھلاڑی کی واپسی

اشتہار

حیرت انگیز

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں اجنکیا رہانے کی واپسی ہوئی ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کا چیمپئن کون ہوگا؟ اس کے لیے 7 سے 11 جون تک انگلینڈ کی سرزمین پر آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹسیٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا پہلے ہی اس اہم میچ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر چکا ہے جب کہ اب بھارت نے بھی اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی اعلان کردہ ٹیم میں قیادت روہت شرما کے ہی سپرد کی گئی ہے۔ ٹیم میں ٹاپ آرڈر بیٹر اجنکیا رہانے کی واپسی ہوئی ہے جب کہ زخمی رشبھ پنت سمیت شریاس ائیر اور جسپریت بمراہ ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

- Advertisement -

ٹیم انڈیا ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے- روہت شرما (کپتان)، شوبمن گل، چیتیشور پجارا، ویرات کوہلی، اجنکیا رہانے، کے ایل راہول، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، آر اشون، رویندر جڈیجہ، اکشر پٹیل، محمد شامی، محمد سراج، شاردول ٹھاکر، اومیش یادو اور جے دیو انادکت۔

رہانے کی کی تقریباً ایک سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ شریاس ائیر کے زخمی ہونے کی وجہ سے مڈل آرڈر میں جگہ خالی تھی۔ ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سوریا کمار یادو کو جگہ دی تھی لیکن وہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے جس کے باعث سلیکٹرز نے اس پوزیشن کے لیے سینئر کھلاڑی اجنکیا رہانے پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی رہانے کو آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا انعام بھی ملا ہے۔

تاہم آسٹریلیا کے خلاف خراب کارکردگی کے باوجود کے ایل راہول ٹیم انڈیا میں جگہ بچانے میں کامیاب رہے۔ سلیکٹرز نے وکٹ کیپنگ کے لیے صرف کے ایس بھرت پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ تاہم یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کیا کپتان روہت شرما مڈل آرڈر کو مزید مضبوط کرنے کے لیے کے ایل راہول کو وکٹ کیپنگ دیں گے۔

ٹیم انڈیا نے بولنگ شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے تین اسپنروں کو جگہ دی ہے تاہم انگلینڈ کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے صرف دو اسپنرز کو پلیئنگ 11 میں جگہ ملے گی۔ ایسے میں اکشر پٹیل کو باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔ شامی اور سراج یقینی طور پر فرنٹ لائن بولر کے طور پر میدان میں اتریں گے جب کہ جے دیو ، شاردول اور امیش یادو میں سے صرف ایک کو پلیئنگ 11 میں جگہ ملے گی۔ ماہرین کے مطابق امیش یادو کے پلیئنگ 11 کا حصہ بننے کا امکان بہت زیادہ ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں