اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے کشمیر کے ہمراہ نیوز بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی صورت حال انتہائی نازک ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سیز فائرکی خلاف ورزیوں اور شہریوں کو نشانہ بنانے سے آگاہ کیا گیا، اوآئی سی کی اپنی قراردادیں بھی مقبوضہ کشمیر پرموجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے، اس کی اہمیت کل بھی تھی اور آج بھی ہے، جہاں توقعات زیادہ ہوں وہاں ان کے پورا نہ ہونے پرگلہ بھی ہوتا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ معاملہ اتنا سنجیدہ ہے کہ اس پر وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس بلانا چاہیے، یواین سیکریٹری جنرل نے بھی انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نئی دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام کیاگیا، بھارت کے اقدامات سے خطے کے امن کو شدیدخطرات ہیں، بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔