بھارت کو ایک سال میں دو آئی سی سی ٹرافی دلانے والے بھارتی کپتان روہت شرما کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد نئے کپتان کا نام سامنے آیا ہے۔
بھارت نے آئندہ ماہ جون میں انگلینڈ جا کر پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ تاہم سیریز سے قبل اور آئی پی ایل کے درمیان بھارت کو ایک سال کے مختصر عرصہ میں دو آئی سی سی ٹرافیاں (ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی) جتوانے والے کپتان روہت شرما کے اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کےبعد نئے کپتان کے نام کی بازگشت شروع ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کے بعد دورہ انگلینڈ میں بھارتی ٹیم کی قیادت شبھمن گل کا مقدر بن سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان جسپریت بمراہ جنہوں نے آسٹریلیا میں بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوران روہت شرما کی غیر موجودگی میں بھارتی ٹیم کی کپتانی کی تھی۔ تاہم کام کی زیادتی اور مسلسل فٹنس مسائل کے باعث سلیکٹرز انہیں مکمل طور پر قیادت کا بوجھ دینا نہیں چاہتے۔
رواں ماہ کے آخر میں بھارتی چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کی قیادت میں سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کا انتخاب متوقع ہے۔
دورہ انگلینڈ سے بھارت اگلے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل 27-2025 کا آغاز کرے گی اور سلیکٹرز ٹیم کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا کپتان چاہتے ہیں جو چند سال تک ٹیم کی قیادت کا بوجھ اٹھا سکے اور اس کے لیے 25 سالہ شبھمن گل ترجیحی آپشن بن سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ شبھمن گل کو حال ہی میں روہت شرما کے ساتھ ون ڈے ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا تھا۔ جب کہ وہ بھارت کے لیے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی کپتان کر سکتے ہیں۔ کے لیے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کر چکے ہیں۔ اگر شبھمن کو ٹیسٹ فارمیٹ کا کپتان بنایا جاتا ہے تو بطور کپتان دورہ انگلینڈ ان کی پہلی آزمائش ہوگا۔
شبھمن گل نے دسمبر 2020 میں ملیبرن میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور اب تک 32 ٹیسٹ میچوں میں 5 سنچریوں اور 7 نصف سنچریوں کی مدد سے 1893 رنز بنا چکے ہیں۔