اتوار, نومبر 3, 2024
اشتہار

مسافر کی فلائٹ چھوٹنے پر ایئر لائن کو 1 لاکھ روپے ہرجانہ

اشتہار

حیرت انگیز

حیدر آباد: بھارتی شہر حیدر آباد میں ایک مسافر کی فلائٹ چھوٹنے پر عدالت نے ایئر لائن کو ایک لاکھ روپے ہرجانہ کا حکم سنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہری ڈیڈوگو سریشم کو آخر کار 2 سال بعد انصاف مل گیا، دو سال قبل حیدر آباد سے کلکتہ جانے والے ڈیڈوگو سریشم اور ان کی بیٹی کی فلائٹ اس لیے چھوٹ گئی تھی کیوں کہ ان کے بورڈنگ پاس کو پرنٹ ہونے میں وقت لگ گیا تھا۔

حیدر آباد سے وقت پر روانہ نہ ہو سکنے کی وجہ سے سریشم کی کلکتہ سے جورہاٹ کے لیے کنیکٹنگ فلائٹ بھی نکل گئی تھی۔

- Advertisement -

بد قسمتی سے کلکتہ سے جورہاٹ کے لیے صرف ایک فلائٹ تھی اور اگلے دن سریشم کی بیٹی کو کالج میں داخلہ لینا تھا، اس لیے سریشم نے انڈیگو کی دو اور پروازیں بک کروائیں، تاکہ بیٹی وقت پر کالج پہنچ سکے، اس کے لیے انھوں نے ایک فلائٹ حیدر آباد سے کلکتہ کے لیے بُک کی، اور پھر کلکتہ سے گوہاٹی کے لیے ایک بک کر لی، پھر وہاں سے انھیں رات بھر بس سے سفر کرنا تھا اور صبح جورہاٹ پہنچ جانا تھا۔

ایئر لائن کی غلطی کی وجہ سے اتنی تکلیف ملنے پر سریشم نے ایئر لائن کے خلاف شکایت درج کرائی اور فلائٹ پر خرچ کی گئی رقم کی واپسی کی درخواست کر دی، تاہم انڈیگو فلائٹ نے ان کی درخواست خارج کر دی، جس پر انھوں نے عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا۔

سریشم کو عدالتی کارروائی کے دوران بھی 15 سماعتوں میں پیش ہونا پڑا، جس میں دو سال لگے کیوں کہ ایئر لائن اپنے کاغذات پیش کرنے کے لیے وقت مانگتی رہی۔

آخر کار عدالت نے اس کیس میں اپنا فیصلہ سنا دیا، اور ایئر لائن کو حکم دیا کہ وہ مسافر کو مشکلات کے لیے ایک لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرے، نیز مقدمے بازی میں خرچ کی گئی رقم دینے کا حکم بھی دیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں