جکارتہ : انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ایئر پورٹ سے ہفتہ کے روز پرواز کرنے کے فورا بعد ہی نجی ایئر لائن کا مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا، طیارے کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے پرواز کے چار منٹ کے بعد ہی منقطع ہوگیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کا مسافر طیارہ 373 جکارتہ سے انڈونیشیا کےشہر کونٹی یانک جارہا تھا کہ اڑان بھڑنے کے چار منٹ بعد اچانک اس کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا، طیارے میں 50سے زائد افراد سوار تھے، جس میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی ٹیلی ویژن چینل کے مطابق کوسٹ گارڈ جہاز کے ایک کپتان نے پانی میں طیارے کا ملبہ اور مسافروں کی لاشیں دیکھیں جنہوں نے سمندر میں طیارے کا ملبہ دیکھے جانے کی بروقت اطلاع مقامی ٹیلی ویژن کو دی۔
انڈونیشین وزیر ٹرانسپورٹ نے طیارے کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کردی ہے، وزارت ٹرانسپورٹ کی ترجمان ایراوتی نے بتایا کہ جکارتہ سے پونٹیانک جانے والے سری ویجیا ایئر کے مسافر طیارے ایس جے 182 سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ دس ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچنے کے بعد منقطع ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاپتہ ہونے والا طیارہ 27 سال پرانا ہے، اس نے اپنی پہلی پرواز 1994 میں کی تھی۔
علاوہ ازیں فلائٹ راڈار 24 کے مطابق یہ طیارہ بوئنگ 737-500 سیریز کا ہے۔ طیارہ ہفتہ کی سہ پہر جکارتہ کے سوکارنو-ہٹا ہوائی اڈے سے روانہ ہوا تھا۔