بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

2019 کے پہلے مہینے میں مہنگائی میں اضافے کی شرح ساڑھے4سال کی بلند ترین سطح پر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : دوہزار انیس کے پہلے مہینے میں مہنگائی میں اضافے کی شرح سات فیصد سے تجاوز کرگئی، ادارہ شماریات کا کہنا ہے جنوری میں مہنگائی کی شرح سات اعشاریہ دو فیصد رہی، جوساڑھےچارسال کی بلندترین سطح ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوری میں افراط زر کی شرح ساڑھے چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جنوری میں افراط زر کی شرح سات اعشاریہ دو فیصد رہی جبکہ دسمبر میں مہنگائی میں اضافے کی شرح چھ اعشاریہ دو فیصد تھی۔

ادارے شماریات کے مطابق گیس کی قیمت پچاسی فیصد، بجلی ساڑھے آٹھ فیصد، ڈیزل اٹھارہ اعشاریہ چھ فیصد، سی این جی اٹھائیس فیصد جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں سولہ فیصد کا اضافہ ہوا۔

اس کے علاوہ گھروں کے کرائے میں آٹھ فیصد جبکہ بس کے کرائے میں پچاس فیصد کا اضافہ ریکارڈکیاگیا۔

جنوری میں چائےسترہ فیصد،گائے کا گوشت چودہ فیصد،کال پول اکتیس فیصد جبکہ سیگریٹ کی قیمت میں بیس اعشاریہ سات فیصد کا اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں : سال 2018 کے آخری مہینے میں مہنگائی میں نمایاں کمی ریکارڈ

اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے سات میں مہنگائی میں اضافہ کی اوسط شرح چھ اعشاریہ دو فیصد رہی۔

یاد رہے دسمبر2018 کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.41 فیصد کمی ہوئی، جبکہ سال 2018 کے ابتدائی 6 ماہ میں مہنگائی کی شرح 6.05 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، سب سے زیادہ اضافہ ٹرین کے کرایوں میں 19 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔

خیال رہے دو روز قبل اسٹیٹ بینک نے آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا تھا، جس میں شرح سود میں 25 بیسز پوائنٹ کا اضافہ کرکے شرح سود 10.25 فیصد مقرر کردی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں