کراچی : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بعد ملک بھر میں سبزی اور پھلوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے، عوام کا مطالبہ ہے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے حکومت فوری اقدامات کرے۔
تفصیلات کے مطابق ہر پندرہ روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام پر مہنگائی کا نیا بوجھ ڈال دیا ہے، قیمتوں میں اضافے نے اب اپنا اثر بھی دکھانا شروع کردیا ہے، ملک بھر میں پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کو پرلگ گئے۔
لاہور میں بھنڈی ڈیڑھ سو روپے کلو اور سبزمرچ کی قیمت سو روپے کلوتک پہنچ گئی، پھل بھی مقررکردہ قیمتوں پر دستیاب نہیں ہیں، دکانداروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مقررکردہ نرخوں کی فہرست درست نہیں ہے۔
ملتان سبزی مارکیٹ میں بھنڈی کی قیمت ریکارڈ دو سو روپے فی کلو تک پہنچ گئی، مٹر اسی روپے فی کلو تک جا پہنچے،غریب عوام جائیں تو جائیں کہاں؟
سکھر میں کریلا، بھنڈی اور تورئی کی قیمتیں ایک سو ساٹھ روپے فی کلو تک جا پہنچیں، قیمتیں سن کر شہری پریشان ہیں کہ بچوں کو کیا کھلائیں اور کیا نہ کھلائیں؟
اس کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مرغی اور گائے کے گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، شہری سوال کرتے ہیں کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ عوام کب تک بھگتتے رہیں گے؟
واضح رہے کہ مہنگائی کی شرح میں اضافہ اب ایک عام سی بات بنتی جارہی ہے جس سے متوسط اور غریب طبقے کو براہ راست نقصان ہورہا ہے۔
متعلقہ اداروں کے افسران نے اپنی نااہلی اور کرپشن کا بوجھ عوام ڈالتے ہوئے پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دی ہیں جس سے مہنگائی کا نیا سیلاب آگیا ہے۔