اسلام آباد: ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث اس کی مجموعی سالانہ شرح 4.64 فیصد ریکارڈ ہوگئی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کی جس کے مطابق 15 اشیا مزید مہنگی، 13 اشیا سستی جبکہ 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ایک ہفتے میں ٹماٹر 56.66 فیصد مہنگے ہوئے، لہسن 1.40 فیصد، 2.5 کلو گھی کا ٹن 0.95 فیصد مہنگا ہوا۔ 5 لیٹر کوکنگ آئل 0.79 فیصد جبکہ چینی 0.23 فیصد مزید مہنگی ہوئی۔
حالیہ ہفتے پیاز 4.16 فیصد، آلو 3.83 فیصد سستے ہوئے، انڈے 2.72 فیصد، دال چنا 0.98 فیصد سستی ہوئی، آٹا 0.76 فیصد اور کیلے 0.56 فیصد سستے ہوئے۔
چند روز قبل رپورٹ سامنے آئی تھی کہ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی اور پاکستان میں مہنگائی کی شرح ساڑھے 6 سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔
معاشی حالات میں بہتری کے باعث نومبر 2024 میں شرح کم ہوکر4.9 فیصد پر آگئی۔ سال کے پہلے 5 ماہ میں اوسط شرح 28.62 فیصد سے کم ہو کر 7.88 فیصد پر آگئی۔
سالانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں افراط زر کی شرح میں نمایاں کمی سے 5.2 فیصد پر آئی۔
افراط زر میں مسلسل کمی صارفین اور معیشت پر دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے جبکہ خوراک اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی نے مہنگائی کو کم کرنے میں بھی مدد دی۔
پالیسی سطح پر کیے گئے اقدامات کی بدولت افراط زر کی شرح کم ہونے سے معاشی استحکام کو فروغ ملا۔