لاہور : میو اسپتال لاہور میں اینٹی بیکٹریل انجیکشن کے ری ایکشن سے 2 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 17 کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق میو اسپتال لاہور میں مریضوں کو اینٹی بیکٹریل انجیکشن کا ری ایکشن ہوگیا ، جس سے 2 مریض جان کی بازی ہار گئے جبکہ 17 کی حالت تشویشناک ہے۔
انجکشن کاری ایکشن چیسٹ سرجری وارڈ میں ہوا، جس کے بعد انجیکشن کو فوری طور پر اسپتال میں استعمال سے روک دیا گیا۔
ایم ایس اسپتال نے بتایا کہ گزشتہ رات 26سالہ دولت خان نامی دوسرامریض بھی چل بسا، دولت خان سرجری کروانےکیلئے میواسپتال میں داخل ہواتھا۔
واقعے کی مکمل تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے ڈاکٹر ہارون حامد نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
مزید پڑھیں : مریم نواز نے ایم ایس میو اسپتال کو عہدے سے ہٹا دیا
کمیٹی آج 11 بجے تک رپورٹ دے گی تاہم محکمہ صحت پنجاب نے بھی معاملے پر کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔
یاد رہے چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے میو ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے مریضوں اور ان کے لواحقین کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔