کرائسٹ چرچ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل کیوی ٹیم کو دھچکا لگ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کیوی فاسٹ بولر نیل ویگنر پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے، فاسٹ بولر پاؤں میں فریکچر کے باعث 6 ہفتے کے لیے کرکٹ سے دور رہیں گے۔
کیوی فاسٹ بولر نیل ویگنر کی جگہ میٹ ہینری دوسرے ٹیسٹ کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ نیل ویگنر نے فریکچر کے باوجود پہلے ٹیسٹ میں شرکت کی تھی ،کیوی کپتان ولیم سن اور قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے انجری کے باوجود میچ کھیلنے پر نیل ویگنر کی تعریف کی تھی۔
اظہر علی کا کہنا تھا کہ ویگنر نے ان فٹ ہونے کے باوجود کھیل کر ہم سب کے لیے ایک مثال قائم کی ہے، دوسری اننگز سے پہلے وارم اپ کے دوران لگا وہ نہیں کھیلیں گے لیکن وہ پاؤں میں فریکچر کے باوجود میچ کھیل رہے ہیں جو قابل ستائش ہے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 101 رنز سے شکست دی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔