لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں ن لیگ نے پی ڈی ایم کی ازسر نو تشکیل کی تجویز دی۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کا کہنا تھا کہ ن لیگ، جے یو آئی تحریک چلاسکتی ہیں تو وقت کیوں ضائع کریں، ایسا لگ رہا ہے پی ڈی ایم کو ڈمی بنایا جارہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بات بات پر روٹھنا، مطالبات رکھنے کا کیا مطلب ہے؟ ایسا لگتا ہے پی ڈی ایم سے باہر نکلنے کے لیے بہانے تلاش کیے جارہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ڈی ایم:’سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا‘
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہر قربانی دے گی، مولانا آپ تحریک کی نئی حکمت عملی بنائیں۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے وقت مانگا ہے ان کا جواب آنے دیں، امید ہے پیپلزپارٹی استعفوں پر راضی ہوجائے گی۔
فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی لانگ مارچ پر بھی راضی ہوجائے تو تحریک کے لیے بہتر ہوگا، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پیپلزپارٹی کا جواب نہ آیا تو عید کے بعد ان کے بغیر حکمت عملی بنائیں گے۔