جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

سالگرہ کی تقریب میں دو بھائیوں کی شدید ہوائی فائرنگ، پولیس محافظ بنی رہی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے ابراہیم حیدری کے تھانے کی حدود میں ایک سال گرہ کی تقریب میں دو بھائی شدید ہوائی فائرنگ کرتے رہے جنھیں گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر با اثر افراد کی تقریب میں قانون کی کھلے عام خلاف ورزی ہوتی رہی جب کہ پولیس کی بھاری نفری سال گرہ پر سیکورٹی انجام دیتی رہی، اے آر وائی نیوز نے فائرنگ اور تقریب کی ویڈیو حاصل کر لی۔

ایس ایس پی ملیر علی رضا کا کہنا ہے کہ ابراہیم حیدری تھانے کی حدود بھٹائی کالونی میں ہوائی فائرنگ میں ملوث دونوں بھائیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ذیشان ابڑو اور فیصل ابڑو نے ہوائی فائرنگ کی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، ایس ایچ اوز فائرنگ کے وقت تقریب میں موجود نہیں تھے، ان کے جانے کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سال گرہ تقریب میں با اثر افراد کا باری باری ہوائی فائرنگ کا مقابلہ چلتا رہا، جب کہ پولیس کی بھاری نفری سیکورٹی پر مامور رہی، تقریب میں کئی افراد شدید ہوائی فائرنگ کرتے رہے، ’کبھی ریڈی اسٹیڈی گو‘ تو کبھی ’ون ٹو تھری‘ کے بعد فائرنگ ہوتی رہی، فائرنگ میں مبینہ طور پر سرکاری ایس ایم جی بھی استعمال کی گئی، تقریب میں پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی راجا اظہر بھی موجود تھے۔

دریں اثنا، اے آر وائی نیوز نے ایس ایچ او عاصم الرحمان سے رابطہ کیا تو انھوں نے رُکھائی سے جواب دے کر فون بند کر دیا، ان کا جواب تھا کہ وہ سال گرہ کی تقریب میں موجود تھے، لیکن ان کی موجودگی میں فائرنگ نہیں کی گئی، ان کے جانے کے بعد کی گئی ہوگی۔ ایس ایچ او نے کہا کہ علاقہ ایم پی اے اور ایم این اے بھی دعوت میں موجود تھے، وہ ہر مہینے تقریب منعقد کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ عاصم الرحمان کو چند روز قبل ہی سائٹ سپر ہائی وے سے ہٹایا گیا تھا، جس کے بعد انھیں ایس ایچ او ابراہیم حیدری تعینات کیا گیا۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں