بین الاقوامی شہرت یافتہ ایک کرکٹر نے ریٹائرمنٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا ہے کہ وہ وہیل چیئر پر آگئے تب بھی کرکٹ کھیلیں گے۔
کرکٹ کا جنون کسی بھی کھلاڑی کو بڑا بناتا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں شہرت کے جھنڈے گاڑنے والے بھارت کے سب سے کامیاب سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کرکٹ سے اپنے جنون کا اظہار یہ کہہ کر کیا ہے کہ اگر وہ وہیل چیئر پر آ گئے تب بھی وہ کرکٹ نہیں چھوڑیں گے اور یہ کھیل کھیلتے رہیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی پی ایل کے 18 ویں سیزن میں ممبئی انڈینز کے خلاف میچ سے قبل چنئی سپر کنگز کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی سے صحافی نے آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ لینے سے متعلق سوال کیا۔
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ ’میں جب تک چاہوں ’سی ایس کے‘ کے لیے کھیل سکتا ہوں۔ یہ میری فرنچائز ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر میں زخمی حالت میں وہیل چیئر پر بھی ہوتا تو مجھے ٹیم میں کھیلنے پر آمادہ کر لیا جاتا۔‘
واضح رہے کہ دھونی اپنی قیادت میں آئی پی ایل کی تاریخ میں اپنی ٹیم کو ریکارڈ 5 بار چیمپئن بنوا چکے ہیں۔ تاہم انہوں نے 2023 میں اپنے گھٹنے کی سرجری کروانے کے بعد کپتانی چھوڑ دی تھی۔
دوسری جانب گزشتہ ماہ آئی پی ایل کی تیاریوں کے لیے جب ایم ایس دھونی چنئی پہنچے تھے تو اُن کی ٹی شرٹ پر ’اس بار آخری مرتبہ‘ کے الفاظ انگریزی میں درج تھے۔ اس ٹی شرٹ کو دیکھنے کے بعد گمان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایم ایس دھونی کا یہ آخری آئی پی ایل سیزن ہوگا۔
بھارتی شہری دھونی کی ٹیم چنئی سپر کنگز پر مستقل پابندی لگانے کا مطالبہ کیوں کر رہے ہیں؟