برلن : جرمن موبائل نیٹ ورک کمپنی ووڈا فون اور موبائل فون کمپنی نوکیا آئندہ برس چاند پر "فور جی” نیٹ ورک متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہیں.
بین الااقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جرمنی میں قائم موبائل نیٹ ورک ادارے ووڈا نیٹ ورک اور نوکیا فونز نے یہ منصوبہ چاند پر بھیجے جانے والے پہلے مشن کے لیے تیار کیا ہے جس کے ذریعے چاند کی سطح پر موجود روبوٹس چاند سے حاصل ہونے والی معلومات، ویڈیوز اور تصاویر کو 4 جی انٹرنیٹ کے ذریعے زمین پر واقع خلائی اسٹیشن پر بھیج سکیں گے اسی طرح زمینی اسٹیشن سے ضروری معلومات چاند پر موجود روبوٹس کو بھیجی جا سکیں گی.
واضح رہے کہ ناسا یا کسی سرکاری مشن کے ذریعے چاند پر جانے والے ڈیپ اسپیس ٹیکنالوجی کے ذریعے زمینی اسٹیشن اور چاند کی سطح پر موجود خلائی ایئر کرافٹ کے درمیان رابطہ قائم رہتا ہے تاہم یہ رابطہ قدرے سست روی کا شکار رہتا ہے جب کہ اس ٹیکنالوجی سے حاصل ہونے والی تصاویر بھی بہت زیادہ شفاف اور واضح نہیں ہوتیں اس لیے 4 جی انٹرنیٹ کے استعمال سے چاند کی سطح کی حقیقت سے قریب تر تصاویر اور ویڈیوز دیکھنے کو مل سکتی ہیں.
خیال رہے کہ چاند پر تفریحی مقام کی تعمیر اور عام افراد کے لیے شٹل چلانے کے لیے منصبوں پرتیزی سے کام جاری ہے جس کے باعث امید کی جارہی ہے کہ آئندہ چند برسوں میں عام آدمی تفریح کے غرض سے چاند پر جایا کرے گا اور کچھ دن قیام کے بعد واپس آسکیں گے اس دوران یادگار کو لمحات کو محفوظ کرنے کے لیے نوکیا موبائل اور ووڈا فون نیٹ ورک کا مشترکہ منصوبہ کارگرثابت ہوسکتا ہے.