نیویارک : گوگل نے سام سنگ اور ایپل کی بالادستی کو چیلنج دینے کےلیے پہلا پکسل اسمارٹ فون متعارف کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امریکا میں گوگل کی جانب سے نئی پراڈکٹ متعارف کرانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پہلا ٹینسر موبائل پراسیسر متعارف کرایا گیا،جو کمپنی نے پکسل فونز کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یہ پراسیسر گوگل کے نئے پکسل فونز یعنی پکسل 6 سیریز کا حصہ ہوگا۔
گوگل کے ڈیوائسز و سروسز کے سینئر نائب صدر رک اوسٹرلو کا کہنا ہے کہ فی الحال تو یہ فون اپنے صارفین کو صرف بہترین فوٹوگرافی کی سہولت فراہم کرے گا مگر مستقبل میں ایپل اور سام سنگ کے خلاف گوگل کا اہم ہتھیار ثابت ہوگا۔
عالمی مارکیٹ میں سام سنگ کا شیئر اس وقت 18.6 فیصد اور ایپل کا 12.9 فیصد جبکہ گوگل ٹاپ فائیو تو کیا ٹاپ ٹین میں بھی شامل نہیں۔
رک اوسٹرلو نے کہا کہ گوگل پکسلز پر مسلسل پانچ سال سے کام کررہا ہے لیکن یہ تبدیلی کا سال ہے۔
پراسیسر کے ساتھ ساتھ گوگل کی جانب سے پکسل فونز کو اس سال مکمل ری ڈیزائن کرتے ہوئے گلاس اور میٹل ڈیزائن پر کام کیا جارہا ہے تاکہ وہ سام سنگ اور ایپل فونز کے حقیقی مدمقابل محسوس ہوسکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل سے ایک دہائی قبل ایپل نے پکسلز فون پر کام شروع کیا تھا اور اب گوگل نے بھی پکسلز فونز پر کام شروع کردیا ہے تاکہ صارفین کو مخصوص فیچر فراہم کیے جاسکیں۔
واضح رہے کہ گوگل کی جانب سے 2016 میں پہلا پکسل فون متعارف کرایا گیا تھا۔