پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھنے سے اسٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔
سعودی وفد کی آمد اور متوقع سرمایہ کاری نے غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا دیا اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا نیا ریکارڈ بن گیا۔
18 اپریل کو غیرملکیوں نے ایک دن میں 23.4 ملین ڈالر کے شیئرز خریدے۔ اسٹاک ایکسچینج میں7 سال بعد کسی ایک دن میں اتنی بڑی سرمایہ کاری دیکھی گئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کار، مقامی سرمایہ کاروں کا اسٹاک ایکسچینج پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ رواں سال کے9 ماہ میں کیپٹل مارکیٹ میں 9 کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کار آچکی ہے۔
مالیاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے منافع میں 3 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی 2023 سے مارچ 2024 تک اسٹاک ایکسچینج کا ٹیکس منافع 77 کروڑ 80 لاکھ روپےرہا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے 9 ماہ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو 19 کروڑ 30 لاکھ روپے کا منافع ہوا تھا۔
گزشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے مقابلے میں اس بار پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے منافع میں 303 فیصد کا اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے 9 ماہ میں پاکستان اسٹاک کی فی کس حصص آمدنی 0.97 روپے رہی۔