لاہور: چینی کمپنیوں کے ساتھ علامہ اقبال اسپشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے لیے معامعلات طے ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں حکومت پنجاب نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے، علامہ اقبال اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے حوالےسے ایک رپورٹ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی جس کی انھوں ںے منظوری دے دی۔
6 چینی کمپنیاں علامہ اقبال اسپشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کریں گی، چینی سرمایہ کاروں کے لیے لاہور میں اسپشل ون ونڈو سینٹر بھی قائم کر دیاگیا۔
نئی چینی کمپنیوں کو بھی سرمایہ کاری کے لیے تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی، چینی قونصل جنرل نے مارچ میں مزید چینی کمپنیوں کے پاکستان آنے کی خوش خبری سنا دی، مجموعی طور پر 200 چینی کمپنیاں ری لوکیٹ ہو کر پنجاب میں سرمایہ کاری کریں گی، جب کہ اب تک چینی کمپنیوں سے ایک ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری پنجاب آ چکی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس سلسلے میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسپشل اکنامک زونز معاشی سرگرمیوں میں تیزی لائیں گے، حکومتی اقدامات کے باعث پنجاب معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا، فیڈمک کے پلیٹ فارم سے اسپشل اکنامک زونز پر تیزی سے کام جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔
چیئرمین فیڈمک کاشف اشفاق کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں کو ری لوکیشن کے لیے 1 ہزار ایکڑ زمین مختص کر دی گئی ہے، ان کو اسپشل اکنامک زون میں مکمل سہولتیں فراہم کی جائیں گی، چینی کمپنیاں چین سے اپنا کارربار اسپشل اکنامک زون میں منتقل کر رہی ہیں۔