بدھ, دسمبر 4, 2024
اشتہار

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے استعفیٰ دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف سے ملاقات کے لیے آئے تھے لیکن ان کی ملاقات نہ ہوسکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق نے دلبرداشتہ ہوکر اپنا استعفیٰ ذکا اشرف کو بھجوا دیا ہے۔

- Advertisement -

انضمام الحق نے کہا کہ مجھ پر سوال اٹھے گا تو بہتر ہے ایک طرف ہوجاؤں، پی سی بی انکوائری کرنا چاہتا ہے تو میں دستیاب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ بغیر انکوائری کے باتیں کررہے ہوتے ہیں، پی سی بی سے بھی کہا ہے کہ انکوائری کریں۔

انضمام الحق کا کہنا تھاکہ میرا پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا تعلق نہیں، اس طرح کے الزمات سے دکھ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کال آئی اور کہا گیا کہ پانچ لوگوں کی کمیٹی بنارہے ہیں، موجودہ حالات میں بہتر سمجھا کہ استعفیٰ دوں۔

واضح رہے کہ انضمام الحق نے ایسے وقت میں استعفیٰ دیا ہے جب قومی ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت میں موجود ہے اور مسلسل 4 شکستوں کی وجہ سے قومی ٹیم کو سابق کرکٹرز کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ 7 اگست 2023 کو سابق کپتان انضمام الحق کو قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں