لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی شعیب ملک کے حق میں بول پڑے۔
تفصیلات کے مطابق سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ کوئی کھلاڑی کسی پر تنقید کرتا ہے تو مینجمنٹ کو اسے مثبت لینا چاہیے، شعیب ملک سینئر کھلاڑی ہیں انہوں نے اگر بات کی ہے تو مینجمنٹ کو سوچنا چاہیے۔
انضمام الحق نے کہا کہ محمد عامر اور شعیب ملک نے مینجمنٹ پر تنقید کی، دونوں کھلاڑی جب ٹیم سے باہر ہوئے تب انہوں نے مینجمنٹ پر تنقید کی، ٹیم میں رہتے ہوئے ان مسائل کی نشاندہی کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی کسی پر تنقید کرتا ہے تو مینجمنٹ کو اسے مثبت لینا چاہیے۔
مزید پڑھیں: شعیب ملک ٹیم منیجمنٹ پر برس پڑے، اہم مطالبہ
زمبابوے کے خلاف آخری میچ اور سیریز میں فتح کے بعد انضمام الحق نے کہا کہ ہار جیت ہوجاتی ہے اس میں کوئی بڑی بات نہیں لیکن ٹیم کا مڈل آرڈر کمزور ہے، اس کمبی نیشن کے ساتھ آگے چلنا مشکل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیم کی سلیکشن ٹھیک نہیں ہوئی، ایک ہی نمبر کے 4 کھلاڑی سلیکٹ کیے گئے ہیں۔
انضمام الحق نے کہا کہ سلیکشن کے لیے متوازن ٹیم بنانا ہوتی ہے، ٹیم میں بیلنس کی کمی ہے، فخر کو نیچے بھیجا گیا حالانکہ اس سے اوپننگ کروانی چاہیے تھی۔