تہران: فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے اعلیٰ عہدیداران نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے اہم ملاقات کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ملاقات کی تصدیق ایران کے سرکاری ٹی وی نے کی۔ آیت اللہ خامنہ ای نے حماس کے قائم مقام رہنما خلیل الحیا اور فلسطینی تنظیم کے دو دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔
اسرائیل کے خلاف جنگ میں حماس کی حمایت کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر نے اعلیٰ عہدیداران سے کہا کہ آپ نے صیہونی حکومت (اسرائیل) کو شکست دے دی جو درحقیقت امریکا کی شکست ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل فلسطینی قیدیوں کو رہائی سے قبل آہستہ آہستہ قتل کر رہا ہے، حماس
انہوں نے کہا کہ آپ نے انہیں ان کا کوئی مقصد حاصل نہیں کرنے دیا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق حماس رہنما 1979 کے ایرانی انقلاب کی سالگرہ پر آیت اللہ خامنہ ای کو مبارکباد دینے کیلیے تہران آئے تھے۔ انہوں نے ایران کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وفد میں لیڈرشپ قیادت کونسل کے سربراہ محمد درویش اور اعلیٰ عہدیدار نزار عواد اللہ بھی شامل تھے۔ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر کو غزہ اور مغربی کنارے کی موجودہ صورتحال اور حاصل کی گئی فتوحات اور کامیابیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔
خلیل الحیا نے ان سے کہا کہ ہم آج فخر کے ساتھ آپ سے ملنے آئے ہیں۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی دھمکیوں کا ہماری قوم کی ذہنیت پر کوئی اثر نہیں پڑتا ہے۔