ہفتہ, نومبر 9, 2024
اشتہار

ایران پاکستان کو تین ہزار میگاواٹ تک بجلی فراہم کرنے کیلئے تیار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر مہدی ہونردوست نے کہا کہ اگر پاکستان معاہدہ کرے تو ایران پاکستان کو ایک ہزار سے تین ہزار میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر مہدی ہونردوست نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کے توانائی بحران پر قابو پا سکتا ہے اور سستی بجلی فراہم کر کے پاکستان کی معیشت کیلئے متعدد فوائد پیدا کر سکتا ہے۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران نے گیس پائپ لائن پاکستان کی سرحد تک لانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کئے ہیں لیکن پاکستان کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی حوصلہ افزاء پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی، باہمی تجارت 2017ء میں 1.2ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے تاہم ابھی بھی یہ دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر پاکستان معاہدہ کرے تو ایران پاکستان کو ایک ہزار سے تین ہزار میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کیلئے تیار ہے اور ان کا سفارتخانہ پاکستان کے نجی شعبے کو ایران میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔

دوسری جانب اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترجیحی تجارت کے معاہدے کے باوجود ایران نے پاکستان کی بعض برآمداتی مصنوعات پر 90فیصد سے 200فیصد تک ٹیرف عائد کیا ہوا ہے ، جو ایران کے ساتھ تجارت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

شیخ عامر وحید کا کہنا تھا کہ اگر ان رکاوٹوں کو دور کر دیا جائے تو پاکستان اور ایران کی باہمی تجارت آئندہ چند سالوں میں 5ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں