تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی طرف سے بھارت میں اقلیتوں سے بُرے سلوک سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے بھارت، غزہ اور میانمار میں مسلمانوں سے روا رکھے جانے والے انتہائی سفاک اور ہتک آمیز سلوک پر شدید تنقید کی ہے۔
جشنِ میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر آیت اللہ علی خامنہ ای نے دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں سے بھرپور اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری یہ سب کچھ خاموش تماشائی کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت، میانمار اور غزہ میں مسلمانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور عالمی برادری یہ سب کچھ خاموش تماشائی کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے، اسلام کے دشمنوں نے ہمیشہ ہمیں لڑانے کی کوشش کی ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ بھارت نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم کیا ہے، بھارتی حکومت نے مسلمانوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، مودی دور میں جو نفرت مسلمانوں کیخلاف ریاستی سطح پر پھیلائی گئی ہے، اُسکی مثال نہیں ملتی، بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔