تہران : ایرانی رکن پارلیمنٹ فاطمہ رہبر کروناوائرس کے باعث انتقال کر گئیں جبکہ وائرس سے اموات کی تعداد 145 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران میں جان لیوا وائرس کے باعث جہاں شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں، وہی سیاسی رہنماؤں کی ہلاکت کی اطلاع بھی سامنے آرہی ہے۔
کروناوائرس ایران میں ایک اور رکن پارلیمنٹ کی جان لےگیا، ایرانی رکن پارلیمنٹ فاطمہ رہبر انتقال کر گئیں ، 56 سالہ ایرانی رکن پارلیمنٹ فاطمہ رہبر 2روز سے زیر علاج تھیں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ایران میں کروناوائرس سے اموات کی تعداد 145 ہوگئی ہے اور وائرس سےمتاثرین کی تعداد 5823 تک جاپہنچی ہے ، کرونا سے متاثر 139 شہریوں کا تعلق تہران سے ہیں۔
خیال رہے کروناوائرس 92ممالک تک پہنچ گیا ، چین کے بعد ایران کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دوسرا ملک ہے جہاں یومیہ نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ ایرانی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر نے انکشاف بھی کیا تھا کہ 23 اراکین پارلیمنٹ کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
مزید پڑھیں : دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعدادایک لاکھ سے تجاوز کرگئی
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے تمام صوبوں میں کرونا وائرس سے متاثر افراد موجود ہیں، یہ عالمی بیماری ہمارے ملک کے تمام علاقوں میں پھیل چکی ہے۔
قبل ازیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایک روز قبل بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’کرونا وائرس کا پھیلنا ہمارے لیے کوئی بڑا مسئلہ نہیں، شہری وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے دعائیں کریں‘۔
واضح رہے دنیا بھر میں کرونا وائرس سےمتاثرہ افرادکی تعدادایک لاکھ سےتجاوزکرگئی جبکہ اموات کی تعداد بھی3412 ہوگئی ہے اور 57 ہزار مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔