لبنان میں ایرانی سفیر پیجر حملوں کے بعد دوبارہ منظر عام پر آگئے۔
مجتبیٰ امانی بیروت میں پہلی بار عوامی طور پر سامنے آئے ہیں جب ستمبر کے وسط میں ان کے ہاتھ میں ایک پیجر پھٹنے سے ان کے چہرے اور ہاتھوں میں شدید چوٹیں آئی تھیں۔
امانی نے بیروت کے جنوب میں اس مقام کا دورہ کیا جہاں 27 ستمبر کو حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوئے تھے۔
اس حملے کے بارے میں بات کرتے ہوئے امانی نے کہا کہ اسرائیل کو اس عمل کے لیے "تخریب کاری، دہشت گردی، خون اور عام شہریوں کو قتل کرنے کا اعلیٰ ترین تمغہ” ملنا چاہیے۔
امانی کا پیجر تقریباً 3,000 پیجرز میں سے ایک تھا جو بیک وقت پھٹ گیا،جس سے حزب اللہ کے کئی ارکان شہید اور زخمی ہوئے۔
پیجر حملے کے ایک دن بعد، اسی طرح کا ایک حملہ واکی ٹاکی پر ہوا۔ مجموعی طور پر، دھماکوں میں کم از کم 37 افراد جاں بحق اور 3000 سے زیادہ زخمی ہوئے جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔
گزشتہ ماہ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر کے ترجمان نے کہا تھا کہ پیجر حملے کی منظوری نیتن یاہو نے دی تھی۔