بدھ, اپریل 30, 2025
اشتہار

حملے کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے، ایران کا اسرائیل کو انتباہ

اشتہار

حیرت انگیز

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل نے ایران پر کوئی حملہ کیا تو یہ ایسا ہو گا جیسے بارود کے ڈھیر کو آگ لگا دی جائے، اس کا نتیجہ پورے خطے میں تباہی کی صورت میں سامنے آئے گا۔

عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے گذشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں اسرائیلی وزیر اعظم کے ان بیانات کو بے وقعت قرار دیا جن میں ایرانی ایٹمی پروگرام کو ختم کرنے بات کی گئی تھی، انہوں نے کہا کہ اس قسم کے بیانات کا ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات پر کسی قسم کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ اسرائیل، امریکا کی اجازت کے بغیر کسی بھی ”مہم جوئی” سے پرہیز کرے گا، تاہم انھوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کو نقصان پہچانے کی کوشش کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایرانی اسپیکر کی جانب سے یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی جب امریکی انتظامیہ نے کل ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ وہ اُن تمام افراد اور اداروں کا احتساب جاری رکھے گی جو ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

امریکی وزیر خزانہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے میزائلوں اور دیگر عسکری صلاحیتوں کی تیز رفتار ترقی، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

امریکی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ پیش رفت مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کی صورتحال پیدا کرتی ہے اور ان بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے جن کا مقصد ان ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

بیزنٹ نے اس بات پر زور دیا کہ امریکی محکمہ خزانہ تہران کو بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے وسائل تک رسائی سے محروم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھاتا رہے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتوں کے دوران تہران اور واشنگٹن نے ایرانی ایٹمی پروگرام کے حوالے سے نیا معاہدہ طے کرنے کے لیے تین ادوار کی بالواسطہ بات چیت کی۔ ان میں دو ملاقاتیں مسقط (عمان) میں اور ایک روم (اٹلی) میں ہوئی تھیں۔

ایران میں اسرائیل کیلیے جاسوسی کرنے پر مجرم کو پھانسی

رپورٹس کے مطابق فریقین نے ان مذاکرات کو ”مثبت اور سنجیدہ” قرار دیا ہے۔ جبکہ ایران نے ایک ممکنہ معاہدے کا مسودہ بھی تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں