تازہ ترین

کیا سلمان خان نئی فلم میں کسان کا کردار ادا کر رہے ہیں؟

سلمان خان ایک ویڈیو میں کھیت میں ٹریکٹر چلاتے اور پھر اس میں چاول کی فصل کاشت کرتے دیکھے گئے ہیں تاہم یہ ان کی کسی نئی فلم کا کردار نہیں ہے۔

آپ کی نظروں کے سامنے یہ جو تصویر ہے اس میں بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کھیت میں ٹریکٹر چلاتے اور چاول کی فصل کاشت کرتے دکھائی دے رہے ہیں جس کو دیکھ کر پہلا تاثر یہ ابھر رہا ہے کہ شاید دبنگ خان اپنی آنے والی فلم میں کسی کسان کا کردار ادا کرنے جا رہے ہیں اور یہ اسی فلم سے متعلق تصویر ہے۔

اگر کوئی ایسا سمجھ رہا ہے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے کیونکہ یہ سلمان خان کا نیا فلمی کردار نہیں بلکہ اپنے عالیشان اور پرتعیش فارم ہاؤس پر گزارے گئے وقت کی تصاویر میں سے ایک ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے مہنگے ترین اداکاروں میں شمار کیے جانے والے سلمان خان کا ممبئی میں ایک پرتعیش فارم ہاؤس ہے جس کی خوبصورتی کے پورے بالی ووڈ میں چرچے ہیںجو 150 ایکڑ پر محیط ہے اور اس میں بنگلے، کشادہ جم، سوئمنگ پول سمیت دیگر تمام آسائشات زندگی موجود ہیں اور بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان خان کے اس خوبصورت فارم ہاؤس کی قیمت 80 کروڑ روپے ہیں۔

سلمان نے اپنے اس فارم ہاؤس کا نام اپنی لے پالک بہن ارپیتا کے نام پر ’ارپیتا فارم ہاؤس‘ رکھا ہے جس میں وہ اکثر اپنی چھٹیاں منانے جاتے ہیں اور اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اسکی تصاویر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں۔

دبنگ خان نے گزشتہ دنوں بھی اپنے فارم ہاؤس کے سوئمنگ پول میں نہاتے اور اس کے اطراف میں بیٹھ کر دھوپ سینکتے ہوئے تصویر اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شئیر کی ہیں۔

سلمان خان اس فارم ہاؤس میں بنے جم سے بھی اکثر اپنی تصاویر اپنے فینز سے شئیر کرتے رہتے ہیں اور انکو ہر حال میں فٹ رہنے کی تلقین بھی کرتے ہیں۔

عالمی وبا کورونا کے وقت جب ساری دنیا قرنطینہ کے سبب گھروں میں بند تھی ان دنوں اداکار اپنے اس لگژری فارم ہاوس میں کچھ بہترین دن گزار رہے تھے جنکی تصاویر بھی انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شئیر کی تھیں۔

اس دوران سلمان خان انسٹاگرام پر اپنے فارم ہاؤس کی زمین پر چاول کی فصل لگاتے ہوئے اور زمین میں ٹریکٹر چلاتے ہوئے ویڈیوز بھی شئیر کی تھیں۔ ان ہی دنوں اسی فارم ہاؤس پر اداکار کو ایک سانپ نے بھی کاٹ لیا تھا۔

واضح رہے کہ سلمان خان کے اس فارم ہاؤس کے متعلق ان کے ایک پڑوسی نے یہ الزام لگایا تھا کہ اداکار اپنے اس فارم ہاؤس میں بالی ووڈ اسٹارز کو مار کر دفنا دیتے ہیں جسکے بعد سلمان خان نے اس شخص پر ہتکِ عزت کا کیس کردیا تھا۔

Comments

- Advertisement -