جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو بلندیوں پر پہنچائیں گے، اسحاق ڈار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ 2013 میں نواز شریف کی قیادت میں ہم نے اہداف حاصل کیے، اب وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو بلندیوں پر پہنچائیں گے۔

اے پی پی نیوز کے مطابق اسحاق ڈار نے اڑان پاکستان کو قومی ترقی کا ایک جامع اور متوازن پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2013 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تھری ایز کا پروگرام دیا اور ملک کو اندھیروں سے نکالا، 2022ء میں شہباز شریف کی قیادت میں پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور اب قومی اقتصادی پلان اڑان پاکستان پر بھی وزیر اعظم کی قیادت میں کامیابیاں ملیں گی اور ملک عالمی معیشتوں کی صف میں کھڑا ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک جامع اور متوازن ایکشن پلان وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اور ان کے بعد تفصیلی وضاحت کے ساتھ وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے پیش کیا ہے، اڑان پاکستان 5 سالہ قومی اقتصادی پلان پر عملدرآمد کا منصوبہ ہے جسے صوبوں اور وفاقی حکومت نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی میں قومی اقتصادی کونسل میں منظور کیا ہے۔

- Advertisement -

نائب وزیر اعظم نے 18-2013 اور 22-2018 کے ادوار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2013 میں جس ملک کو عالمی سطح پر میکرواکنامک بنیاد پر غیر مستحکم کہا جا رہا تھا اور یہ پیشگوئی تھی کہ پاکستان 6 سے 7 ماہ میں دیوالیہ ہو جائے گا لیکن یہ پیشگوئیاں غلط ثابت ہوئیں اور اپنی صلاحیتوں سے ملک آگے بڑھا۔

انہوں نے کہا کہ آج پھر مسلم لیگ (ن) کو عوام نے موقع دیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہم فائیو ایز پروگرام پیش کر رہے ہیں، ماضی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تھری ایز انرجی بحران، اکانومی بدحالی اور ایکسٹریم ازم جیسے بحرانوں سے نمٹا اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں کامیابی سے ہمکنار ہوئے، اس وقت بھی پیشگوئی تھی کہ 10 سے 12 سال پاکستان اس صورتحال سے نہیں نکلے گا مگر اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان نے تینوں ایز کے اہداف مکمل کئے اور عوام کو ڈلیور کیا۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ معیشت کے تمام اشاریے سرپلس پر ہیں ، آج ہم 6 فیصد کا دوبارہ ہدف وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں مقرر کررہے ہیں، پاکستان کی افراط زر کی شرح 4 فیصد پر ، فوڈ انفلیشن 2 فیصد اور دنیا کی پانچویں بہترین اور جنوبی ایشیا کی بہترین سٹاک مارکیٹ ہے، فارن ایکسچینج کے ذخائر بلند سطح پر ہیں اور ملک مستحکم معیشت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ 2017 کی بڑھوتری کا تسلسل برقرار نہیں رکھا گیا جس میں ہم نے 2030 میں جی 20 کلب میں شامل ہونا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے اگلے 4 سال میں ہماری معیشت 47 ویں گلوبل معیشت بن گئی اور پی ڈی ایم کی حکومت نے جب باگ ڈور سنبھالی تو اس وقت سب سے بڑا معاشی بحران درپیش تھا اور کہا جا رہا تھا کہ ملک دیوالیہ ہو جائے گا لیکن وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پی ڈی ایم حکومت نے اس چیلنج کا مقابلہ کیا اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس وسائل کی کمی نہیں لیکن سیاسی استحکام کے ذریعے معاشی ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اگر آگے لے کر جانا ہے تو ہمیں سیاسی استحکام لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ پاکستان یہ اہداف بھی حاصل کرے گا جو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں مقرر کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013-17 میں آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیا ، اگر تسلسل برقرار رکھا جاتا تو آئی ایم ایف کو خیر باد کہہ چکے ہوتے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں جو یہ سفر شروع ہوا ہے یہ مکمل ہو گا اور پاکستان کو بہت جلد ہم ان اقوام کی صف میں دیکھیں گے جہاں اسے ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ” اڑان پاکستان ” کا پانچ سالہ قومی اقتصادی پلان حاصل کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں