منگل, مئی 21, 2024
اشتہار

اسحاق ڈار کو سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : اسحاق ڈار کو سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی،لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو سینٹ کا الیکشن لڑنے کا اہل قرار دیتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست مسترد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں  جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس جواد حسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اسحاق ڈار عدالتی مفرور ہیں اور الیکشن لڑنے کے اہل نہیں، ریٹرننگ افسر نے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جس کے بعد اسحاق ڈار نے اپیل دائر کی تاہم مفرور اپیل نہیں کر سکتا، الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے حقائق کے برعکس اسحاق ڈار کو جنرل سیٹ پر الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

- Advertisement -

درخواست میں کہا گیا کہ ٹربیونل کی جانب سے الیکشن لڑنے کی اجازت قوانین کے خلاف ہے لہذا عدالت اپیلیٹ ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دے اور اسحاق ڈار کو سینٹ انتخابات کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔

اسحاق ڈار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ درخواست گزار نے اعتراض ریٹرننگ افسر کے روبرو نہیں کیا،  ایسے میں درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔

عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار انتخابات کے بعد الیکشن پیٹیشن دائر کر سکتا ہے اور اسحاق ڈار کو سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے نوازش علی کی جانب سے اسحاق ڈارکیخلاف درخواست دائر کی گئی تھی ، جس میں کہا گیا تھا کہ اسحاق ڈار مقدمات میں اشتہاری ہے، اشتہاری شخص انتخابات میں حصہ لینے کا اہل نہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو کالعدم قرار دیا جائے۔


سینیٹ انتخابات کے لیے اسحاق ڈارکے کاغذات نامزدگی مسترد


خیال رہے کہ 12 فروری کوالیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے تھے، جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دیتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا اسحاق ڈار کے خلاف دیا گیا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا تھا۔

واضح رہے کہ آمدن سےزائد اثاثہ جات ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔

 نیب نے اسحاق ڈار کو وطن واپس لانے کیلئے آخری حد تک جانے کا فیصلہ کرلیا اور ریڈ وارنٹ جاری کرانے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے، اسحاق ڈارکی واپسی کیلئے وزارت داخلہ سے ریڈ وارنٹ کی استدعا کی جائے گی اور اسحاق ڈارکیخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سے انٹرپول کوآگاہ کیا جائے گا۔


.خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

Comments

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں