اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے مشیر اصلاحات عشرت حسین نے کہا ہے کہ اسلامک بینکنگ میں سب سے زیادہ ترقی ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر اصلاحات عشرت حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سکوک جاری کررہی ہے جس سے بینکوں کو فائدہ ہوگا، اسلامک بینکنگ کے کچھ مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔
عشرت حسین نے کہا کہ ہم 50 ہزار اسکالر شپ دے رہے ہیں، ہم کوشش کررہے ہیں کہ اب لوگ اپنا بزنس کریں، ہم لوگ نالج بیس اکانومی پر کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا پروگرام غربت مٹانے کا ہے، ایک سال میں سب ٹھیک نہیں ہوتا ہے 70 سال کے مسائل ٹھیک کرنے ہیں۔
مزید پڑھیں: حکومت کو غیر ملکی سرمایہ کاری پالیسی پر نظر ثانی کرنی ہوگی: عشرت حسین
واضح رہے کہ اس سے قبل عشرت حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بنائی گئی پالیسی بہت آزاد ہے، پاکستان میں جو بھی سرمایہ کاری آئی وہ مقامی کھپت کے لیے تھی۔ ڈاکٹر عشرت نے اس ضمن میں سی پیک کی مثال دی اور کہا کہ سی پیک میں بھی زیادہ تر توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی سرمایہ کاری کو ایکسپورٹ سیکٹر کی جانب منتقل کرنا ہوگا، موجودہ حکومت نے اصلاحات شروع کی ہیں، ایس ای سی پی کے پالیسی بورڈ میں نجی شعبے کا فرد بھی لگایا گیا ہے، ملک میں صنعت کاری کے لیے کاوشیں کی جا رہی ہیں، کاروباری آسانی کے لیے بھی کام ہو رہا ہے۔