پیر, جون 17, 2024
اشتہار

سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے وطن واپسی کا اعلان کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے طویل عرصے بعد بذریعہ ویڈیو لنک سینئیر صحافیوں سے ملکی سیاسی صورتحال اور امن و امان کے مسائل خصوصاً کراچی کے حالات پر گفتگو کی جس میں بہتری کی تجاویز زیرِ غور رہیں۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ عشرت العباد نے سینئر صحافیوں سے گفتگو میں آئندہ حکمت عملی، سیاسی مستقبل اور ملک واپس آنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔

عشرت العباد نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں مجھے فعال ہونا چاہیے، مجھے کب فعال ہونا ہے اور کب وطن واپس آنا ہے اس کیلیے ٹائمنگ ضروری ہے، مجھے جو بھی کرنا ہے پاکستان واپس آکر کرنا ہے۔

- Advertisement -

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ وطن واپس آنے کے حوالے سے مناسب وقت پر تفصیل بتاؤں گا، مجھے کئی سال لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع ملا، میں اپنے دوستوں سے مشاورت کرتا رہتا ہوں، میں وطن سے جانے کے بعد بھی ملک اور اداروں کیلیے دعاگو رہا۔

انہوں نے کہا کہ جلد لوٹ کر خدمت کروں گا کچھ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، فی الحال کسی پارٹی میں شامل نہیں ہو رہا، میرے پاس دو آپشن ہیں کہ تماشائی بن جاؤں یا ملک کیلیے کچھ کروں۔

ان کا کہنا تھا کہ سوچ لیا ہے میں نے کیا کرنا ہے جلد واپس آؤں گا، نئی حکمت عملی میں ایم کیو ایم پاکستان پر انحصار نہیں ہوگا، ایم کیو ایم کے کچھ دوست مجھ سے خوفزدہ ہیں، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے، 2016 میں آصف علی زرداری نے شمولیت کی دعوت دی جس پر معذرت کی تھی۔

یاد رہے کہ عشرت العباد گورنرشپ کی ذمے داریاں ختم ہونے کے بعد دبئی منتقل ہوئے تھے اور 8 سال سے وہیں مقیم ہیں۔ انہوں نے 2002 میں گورنر سندھ بنے تھے اور 2016 تک 14 سال تک عہدے پر رہے۔

گزشتہ سال 9 مئی کے پُرتشدد واقعات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ملکی اداروں کی املاک اور تنصیبات پر حملہ افسوسناک ہے، سیاسی رہنمائوں کو عوام اور افواج کے درمیان دشمنی کو ہوا دینا بند کرنا چاہیے۔

سابق گورنر سندھ نے کہا تھا کہ اس عمل سے ریاست مخالف عناصر کو فائدہ پہنچ رہا ہے، اشتعال انگیزی کے پیش نظر فوج نے قابل تعریف تحمل کا مظاہرہ کیا، آئی ایس پی آر کے ذریعے فوج کا حالیہ بیان درست خدشات کو جنم دیتا ہے۔

عشرت العباد نے کہا تھا کہ قائدین کو افواج اور عوام کے درمیان باہمی احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہیے، ایسا کرنے میں ناکامی ریاست مخالف سازشوں میں معاون و مددگار بناتی ہیں۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں