اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایئرپورٹ پر عملے نے ایمان داری کی نئی مثال قائم کر دی، ایک مسافر کا کھویا ہوا لاکھوں کا سامان اس کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق 8 فروری کو دبئی کے راستے امریکا سے پاکستان پہنچنے والے مسافر ندیم اکرم کا بیگ کھو گیا تھا، جس میں تقریباً 15 لاکھ روپے مالیت کی اشیا موجود تھیں، عملے نے بیگ رابطہ کرنے پر مسافر کے حوالے کر دیا۔
سول ایوی ایشن کے مطابق مسافر نے بیگ گمشدگی کی رپورٹ اُسی دن ہی جمع کرا دی تھی، مسافر کے بہ قول وہ اپنا بیگ ارائیول بیلٹ ایریا کے قریب کہیں بھول گیا تھا، بیگ میں 2 ہزار امریکی ڈالر، 50 ہزار روپے، ایک عدد آئی فون پندرہ پروو میکس اور دیگر اشیا موجود تھیں۔
کھویا ہوا یہ بیگ ڈیوٹی فیسلٹیشن آفیسر (ڈی ایف او) کو ملا جس نے اسے ’لاسٹ اینڈ فاؤنڈ‘ میں جمع کرا دیا تھا، بعد ازاں سی او او اور ایئرپورٹ منیجر نے بیگ مالک کے حوالے کر دیا۔
مسافر ندیم اکرم نے سامان کی واپسی پر ایئرپورٹ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔