صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات اس لئےملتوی کئےگئے کیونکہ بانی پی ٹی آئی جیت رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ذی شعور آدمی سول انارکی کی بات نہیں کر سکتا فیصلہ حکومت نےکرنا ہے کب تک جبر سے حالات کنٹرول کرتی رہے گی۔
حامد رضا نے کہا کہ اختر مینگل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ استعفےکے معاملے پر غور کریں گے موجودہ حالات میں سردار اختر مینگل کا استعفیٰ کسی بڑے دھچکے سےکم نہیں، 8ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کانوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 9اکتوبر کو ہونا تھے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ میں نئی قانون سازی کے باعث بلدیاتی الیکشن ملتوی کئےجاتے ہیں اسلام آباد بلدیاتی قانون میں تبدیلی کے بعد انتخابات روکے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے 29 ستمبر کو اسلام آبادمیں بلدیاتی الیکشن کرانے کی یقین دہانی کروائی تھی جس پر اسلام آبادہائیکورٹ نے بلدیاتی الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔