تازہ ترین

کیا ایک دو منٹ بچانا آپ کی جان سے زیادہ ضروری ہے؟

اسلام آباد : پاکستان میں گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سڑکوں پر ٹریفک حادثات کی شرح میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے، تاہم اس کی بڑی وجہ شہریوں کی ٹریفک قوانین سے لاعلمی بھی ہے۔

اکثر اوقات دیکھا گیا ہے کہ ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے سروں پر اوور ٹیکنگ اور تیز رفتاری کا جنون سوار ہوتا ہے جو جان لیوا حادثات کا سبب بنتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر پانچ منٹ میں ایک شخص ٹریفک حادثے کا شکار ہوتا ہے، ملک میں ٹریفک حادثات کے باعث مجموعی طور پر سالانہ 28 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوتے ہیں۔

اس حوالے سے عوام میں آگاہی پھیلانے کیلئے اسلام آباد پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ محض چند منٹ بچانے کیلیے لوگ اپنے ساتھ دوسروں کی زندگیوں کو بھی داؤ پر لگا دیتے ہیں جو کسی طور بھی قابل قبول نہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مصروف شاہراہ پر موجود لوگ تیز رفتار گاڑیوں کی آمد رفت کے باوجود سڑک پار کررہے ہیں اور ایسے میں راہ گیر یا ڈرئیور کی جانب سے ہونے والی ذرا سی لغزش بہت بڑے حادثے کو جنم دے سکتی ہے۔

واضح رہے کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے پاکستان کا شمار بدترین ممالک کی فہرست میں کیا جاتا ہے، نیشنل ٹرانسپورٹ ریسرچ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں زیادہ تر ٹریفک حادثات انسانی غلطی کی وجہ سے ہوتے ہیں، جس میں ڈرائیورز کی غفلت سب سے نمایاں ہے۔

مزید پڑھیں : پاکستان میں ہر 5 منٹ میں ایک شخص ٹریفک حادثے کا شکار

سب سے زیادہ ٹریفک حادثات خیبر پختونخواہ، اس کے بعد پنجاب اسلام آباد اور پھر سندھ میں رپورٹ ہوتے ہیں مگر اندرون سندھ حادثات کی بڑی وجہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حالی ہے۔

Comments

- Advertisement -