اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں 15 روز کے لیے مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 15 دن کے لیے مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، پابندی کا اطلاق رات 10 بجے سے ہوگیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پمپس، میڈیکل اسٹورز، کریانہ اسٹورز اور ملک شاپس کھلی رہیں گی۔بیوٹی پارلرز، حجام کی دکانیں بھی 15 روز کے لیے بند رہیں گی، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ میں تین ہفتوں کے لیے شاپنگ مالز، سنیما اور تفریح گاہیں بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کی عوام سے آئندہ 2 روزگھروں میں رہنے کی اپیل
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ کریانہ اور دودھ کی دکانیں کھلی رکھی جائیں گی، رات 9 بجے سے 9 بجے تک شاپنگ مالز بند ہوں گے، عوام احتیاط کریں اور میل ملاپ نہ کریں، عوام حکومت سے تعاون کریں اس میں ان کا ہی فائدہ ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 729 ہوگئی ہے، ملک میں کرونا وائرس کے باعث 3 اموات ہوئی ہیں، کرونا وائرس کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد 396 سندھ سے ہے۔
بلوچستان میں 103، پنجاب میں 137، کے پی 27 کرونا وائرس کے مریض زیر علاج ہیں، اسلام آباد میں 10، گلگت بلتستان 55، ایک کرونا مریض کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے، کرونا وائرس کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 ہے